حماس نے اسرائیلی فوج کی خلاف ورزیوں کو ناقابل قبول قرار دے دیا
یروشیلم: (ویب ڈیسک) فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے سے قبل اسرائیلی فوج کی خلاف ورزیوں کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
حماس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے منگل کے روز کہا ہے کہ جب تک اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزیاں جاری ہیں، غزہ میں جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ آگے نہیں بڑھ سکتا، انہوں نے ثالثوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر معاہدے کی پاسداری کے لیے دباؤ ڈالیں۔
حماس کے سیاسی شعبے کے رکن حسام بدران نے کہاکہ جب تک قابض قوت (اسرائیل) معاہدے کی خلاف ورزی کرتی رہے گی اور اپنے وعدوں سے بچنے کی کوشش کرے گی، جنگ بندی کا دوسرا مرحلہ شروع نہیں ہوسکتا۔
بدران کے مطابق حماس نے ثالثی کرنے والے ممالک سے درخواست کی ہے کہ وہ اسرائیل پر پہلے مرحلے کی مکمل تکمیل کے لیے دباؤ بڑھائیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن منصوبے کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کا پہلا مرحلہ جاری ہے، لیکن اس کے باوجود اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔