امریکہ کے اندر ایران میں امریکی کارروائیوں کے نتائج پر سوالات بڑھنے لگے
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ کے اندر ایران میں امریکی فوجی کارروائیوں کے نتائج پر اٹھنے والے سوالات مزید بڑھنے لگے ہیں۔
واشنگٹن سے الجزیرہ ٹی وی نے رپورٹ کیا ہے کہ یہ سوالات شدت اختیار کر رہے ہیں کہ آخر امریکہ نے عملی طور پر کیا حاصل کیا، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی وائٹ ہاؤس آمد متوقع نہیں تھی تاہم ان کا قافلہ وائٹ ہاؤس میں داخل ہوتا دیکھا گیا، جس سے سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں بڑھ گئی ہیں۔
امریکی کانگریس میں ریپبلکن پارٹی کے بعض سخت گیر اراکین کی جانب سے حکومت کو تنقید کا سامنا ہے، ان حلقوں کی جانب سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ ایران کے ساتھ براہ راست کشیدگی اور جنگی صورتحال کے دوران امریکہ نے حقیقت میں کیا کامیابی حاصل کی۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران اب بھی اس اہم آبی گزرگاہ پر موجود 33 میں سے 30 میزائل تنصیبات برقرار رکھے ہوئے ہے۔
مزید برآں ایران کے 70 فیصد موبائل میزائل لانچرز اب بھی محفوظ ہیں جبکہ اس کے پاس میزائل ذخیرہ بھی 70 فیصد موجود ہے جو امریکہ اور اسرائیل کی کارروائیوں سے قبل تھا۔