ریپبلکن سینیٹرز جنگ بندی مذاکرات میں پیشرفت پر ناخوش، مزید جنگ کی حمایت
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی سینیٹ میں کئی ریپبلکن اراکین نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی مذاکرات میں پیشرفت کے آثار پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مزید جنگ کی حمایت کی ہے۔
امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی اور اسرائیل کے مضبوط حامی سمجھے جاتے ہیں، نے ایسے کسی بھی معاہدے کو تنقید کا نشانہ بنایا جس میں ایران کو مضبوط پوزیشن میں دیکھا جائے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا اگر ایران تنازع ختم کرنے کیلئے ایسا معاہدہ کیا جاتا ہے جس کی بنیاد یہ ہو کہ آبنائے ہرمز کو ایران سے محفوظ نہیں رکھا جا سکتا اور ایران اب بھی خلیجی ممالک کے تیل کے اہم انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے تو ایران کو خطے میں ایک غالب طاقت کے طور پر دیکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے بارے میں یہ تاثر کہ وہ مستقل طور پر آبنائے ہرمز کو دہشت زدہ کر سکتا ہے اور خلیجی تیل تنصیبات کو شدید نقصان پہنچانے کی طاقت رکھتا ہے، خطے میں طاقت کے توازن کو بڑی حد تک تبدیل کر دے گا، اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ اسرائیل کیلئے ایک خوفناک صورتحال بن جائے گی۔
ریپبلکن سینیٹر راجر وِکر نے مبینہ 60 روزہ جنگ بندی معاہدے، جس کی ابھی تک باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی، کو تباہ کن قرار دیا، اور کہا کہ آپریشن ایپک فیوری کے ذریعے حاصل کی گئی تمام کامیابیاں ضائع ہو جائیں گی۔