ایرانی فٹ بال ٹیم کا ورلڈ کپ بیس کیمپ امریکہ سے میکسیکو منتقل

نیویارک: (دنیا نیوز) فیفا نے ایران کی جانب سے ورلڈ کپ سے قبل اپنے قومی فٹبال کیمپ کو امریکہ کے بجائے میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے۔

ایران کی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ مہدی تاج کے مطابق اب ٹیم کا تیاری کیمپ بحرالکاہل کے قریب اور امریکی سرحد کے نزدیک واقع میکسیکو کے شہر تیخوانا میں لگایا جائے گا۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق مہدی تاج نے کہا کہ فیفا نے قومی ٹیم کے کیمپ کا مقام امریکہ سے میکسیکو منتقل کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے۔

واضح رہے کہ ایران کو گزشتہ کئی ماہ سے ورلڈ کپ کے حوالے سے سفری اور سکیورٹی انتظامات پر غیر یقینی صورتحال کا سامنا تھا، یہ ٹورنامنٹ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ رواں ماہ تک بھی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو امریکہ کے ویزے جاری نہیں کیے گئے تھے، حالانکہ عالمی کپ کے آغاز میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں