ایران پر پابندیوں میں نرمی، لبنان پر حملے بند، آبنائے ہرمز کھلے گی: ایگزیوس
نیویارک: (دنیا نیوز) امریکی نیوز پورٹل ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور ایران ایک اہم معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں، معاہدے میں 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع شامل ہے۔
ایگزیوس کے مطابق پاکستان نے بطور ثالث بنیادی کردار ادا کیا، پاکستان کی ثالثی کوششوں کی قیادت فیلڈ مارشل عاصم منیر کر رہے ہیں، جمعہ اور ہفتے کا ان کا دورہ ایران اسے سلسلے کی کڑی تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنگ بندی کے دوران آبنائے ہرمز کو بغیر کسی ٹول ٹیکس کے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا، معاہدے کے تحت ایران کو آزادانہ طور پر تیل فروخت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
امریکی ویب سائٹ کے مطابق امریکی پابندیوں میں نرمی بھی متوقع ہے، امریکا ایرانی بندرگاہوں پر عائد ناکہ بندی ختم کرے گا، ایران نے یورینیم افزودگی محدود کرنے سے متعلق زبانی یقین دہانیاں بھی کرا دی ہیں۔
ایگزیوس کی رپورٹ ہے کہ مفاہمتی یادداشت میں ایران کی جانب سے کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے کا عہد بھی شامل ہے، ایران فوری طور پر منجمد فنڈز کی بحالی اور پابندیوں کے مستقل خاتمے کا خواہاں تھا، امریکی حکام نے مؤقف اختیار کیا مکمل ریلیف صرف عملی رعایتوں کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی صدر نے عرب اور مسلم رہنماؤں سے رابطہ کیا جنہوں نے مجوزہ معاہدے کی حمایت کی، ڈرافٹ معاہدے میں لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کا ذکر بھی شامل ہے۔