لداخ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، بھارتی ایوی ایشن پر سنگین سوالات اٹھنے لگے
لداخ: (دنیا نیوز) بھارت کی سیاست زدہ فوج، ناکارہ فضائیہ اور سول ایوی ایشن نظام دنیا بھر میں جگ ہنسائی اور رسوائی کا استعارہ بن گیا۔
بھارتی جریدہ دی ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی فوج کا چیتا ہیلی کاپٹر مقبوضہ لداخ میں گر کر تباہ ہوا جس میں میجر جنرل سمیت 3 بھارتی فوجی افسر زخمی ہوگئے، بھارتی ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والا یہ حادثہ بھارتی فرسودہ ایوی ایشن کے خطرات کو ظاہر کرتا ہے، گزشتہ 10 سالوں میں بھارتی فوج کے 10 چیتا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو چکے ہیں۔
بھارتی فضائیہ کی ویب سائٹ بھارت رکشک کے مطابق بھارتی ایئر فورس کے 2025 میں 7 لڑاکا طیارے گر کر تباہ ہو چکے ہیں۔
امریکی آن لائن جریدہ گلوبل ڈیفنس کور کی رپورٹ کے مطابق 2026 میں بھارتی فضائیہ کو بڑے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا، اب تک 11 لڑاکا طیارے اور ایک ہیلی کاپٹر تباہ ہو چکا ہے۔
بھارتی فضائیہ کے طیاروں کے کئی حادثات نے تربیتی نظام اور دیکھ بھال کے معیار پر سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں، بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے رافیل طیاروں کی ڈیل میں کرپشن ، کمیشن خوری اور ملی بھگت کی نشاندہی کی۔
انڈیا ٹو ڈے نے بھارتی سول ایوی ایشن میں بڑی تکنیکی خرابیوں کو آشکار کیا کہ جنوری 2025 تا فروری 2026 کے دوران آڈٹ کئے گئے 754 کمرشل طیاروں میں 377 بار تکنیکی خرابیاں رپورٹ ہوئیں۔
ماہرین کے مطابق طیاروں کی مسلسل تباہی اور شدید آپریشنل ناکامیاں شکست خوردہ بھارتی فوج کی غیر پیشہ ور حقیقت کو آشکار کرتی ہیں، بار بار پیش آنے والے فضائی حادثات سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارتی سول ایوی ایشن نظام مفلوج اور تباہ حال ہو چکا ہے۔