ایک ہی ٹیسٹ میچ میں ریڈ بال اور پنک بال کے استعمال کی تجویز زیر غور
دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ اجلاس میں کئی اہم امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی کرکٹ کے قوانین میں بڑی تبدیلیوں پر غور کرنے لگا ہے اور آئی سی سی قوانین میں مجوزہ تبدیلیوں کی منظوری 30 مئی کو احمدآباد بورڈ میٹنگ میں ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہی ٹیسٹ میچ میں ریڈ بال اور پنک بال کے استعمال کی تجویز زیر غور ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں خراب موسم کی صورت میں پنک بال استعمال کرنے کی تجویز ہے اور یہ قانون دونوں ٹیموں کی رضامندی سے میچ میں پنک بال متعارف کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ میچ کے دوران ریڈ سے پنک بال پر جانے کی تفصیلات تاحال واضح نہیں۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں اس کا بھی ذکر ہے کہ ون ڈے کرکٹ میں ہیڈ کوچ کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں جانے کی اجازت دینے پر بھی غور جاری ہے، اس وقت صرف متبادل کھلاڑیوں کو میدان میں جانے کی اجازت ہوتی ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں ایک اننگز میں دو ڈرنکس بریکس ہوتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پانی کے وقفے میں ہیڈ کوچ کو میدان میں جاکر کھلاڑیوں سے مشاورت کی اجازت ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اننگز بریک کا وقت 20 منٹ سے کم کرکے 15 منٹ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی کی باؤلرز کے باؤلنگ ایکشن کو چیک کرنے کے لیے آن فیلڈ امپائر کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
رپورٹ کے مطابق کرکٹ میں ان مجوزہ تبدیلیوں پر جمعرات کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی میٹنگز میں آن لائن بحث ہوچکی ہے۔