امریکہ کی جانب سے کیے بدترین معاہدوں میں سے ایک ایران نیوکلیئر معاہدہ تھا: ٹرمپ
واشنگٹن:(دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کی جانب سے کیے گئے بدترین معاہدوں میں سے ایک ایران نیوکلیئر معاہدہ تھا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اوباما اور اوباما انتظامیہ کے ناتجربہ کار افراد نے معاہدہ کیا اور نافذ کیا، یہ ایران کے لیے ایٹمی ہتھیار بنانے کی طرف ایک براہ راست راستہ تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ جو معاہدہ طے کررہے ہیں وہ بالکل اس کے برعکس ہے، اپنے نمائندوں کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ کسی معاہدے میں جلدی نہ کریں،جب تک معاہدہ طے نہیں پاجاتا، ناکہ بندی پوری شدت اور مؤثر انداز میں برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: معاہدے کے قریب، مسلم رہنماؤں سے بات کر لی، نیتن یاہو کو بھی آگاہ کر دیا: ٹرمپ
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ مذاکرات منظم اور تعمیری انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، دونوں فریقوں کو وقت لینا چاہیے اور اسے درست طریقے سے انجام دینا چاہیے، کسی قسم کی غلطی کی گنجائش نہیں۔
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ہمارے تعلقات زیادہ پیشہ ورانہ اور نتیجہ خیز بنتے جارہے ہیں، انہیں سمجھنا ہوگا کہ وہ ایٹمی ہتھیار یا بم نہ تو تیار کرسکتے ہیں، نہ ہی حاصل کرسکتے ہیں۔