وزیراعلیٰ بلوچستان کی سول ہسپتال پہنچ گئے، دھماکے کے زخمیوں کی عیادت
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی چمن پھاٹک بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے لیے سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے زخمیوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے زخمیوں کی خیریت دریافت کرتے ہوئے علاج معالجے کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعا کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور مکمل صحت یابی تک ان کی ہر ممکن دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے ایسے واقعات عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پورے معاشرے اور ہر شہری کی جنگ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر شہری نے قربانیاں دی ہیں، جبکہ آزادی کے نام پر بلوچستان کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا ایک بیرونی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی یکجہتی کے ذریعے دہشت گرد عناصر کو شکست دی جائے گی اور بلوچستان میں امن کے لیے بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔