امریکا ایران مجوزہ معاہدے کے تحت ساٹھ روزہ جنگ بندی میں توسیع کا امکان
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی میڈیا کے مطابق امریکا ایران مجوزہ معاہدے کے تحت ساٹھ روزہ جنگ بندی میں توسیع کا امکان ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق فریقین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کریں گے جس کی مدت ساٹھ روز ہوگی اور اس میں توسیع بھی کی جا سکے گی، ساٹھ روز میں آبنائے ہرمز کو بغیر کسی ٹول کے بحری آمدورفت کیلئے کھلا رکھا جائے گا، ایران آبنائے ہرمز میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں ہٹانے پر آمادہ ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی ایٹمی پروگرام محدود کرنے سے متعلق مذاکرات بھی جاری رکھے جائیں گے، امریکا ایرانی بندرگاہوں پر عائد پابندیاں نرم کرے گا، بعض اقتصادی پابندیوں میں نرمی دی جائے گی تاکہ ایران عالمی منڈی میں آزادانہ تیل فروخت کر سکے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ مفاہمتی یادداشت میں ایران ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے گا، یورینیم افزودگی پروگرام کی معطلی اور انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر ختم کرنے سے متعلق مذاکرات بھی ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق ایران یورینیم افزودگی محدود کرنے پر آمادہ ہوگیا، ساٹھ روزہ مدت کے دوران امریکی افواج خطے میں ہی رہیں گی اور حتمی معاہدہ طے پانے پر انخلا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ معاہدے میں لبنان جنگ کے خاتمے کا نکتہ بھی شامل ہوگا۔