لبنان پر حملوں کا بدلہ: ایران نے اسرائیل پر میزائل برسا دیے، ٹرمپ کا فوری ردعمل
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر حملوں کے جواب میں اسرائیل پر میزائل داغ دیے، اسرائیل میں سائرن بج گئے۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل فائر کیے گئے ہیں اور فضائی دفاع نظام میزائل حملوں کو ناکام بنا رہا ہے، میزائل لانچ کا پتہ چلنے کے بعد حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں میں سائرن بجا دیے گئے، آئندہ چند گھنٹوں میں ممکنہ حملوں کے پیش نظر اسرائیل ہائی الرٹ پر ہے۔
ایران نے اپنے میزائل داغ دیے، بس اتنا کافی ہے: ٹرمپ کا ردعمل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی حملے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو مشورہ دوں گا، آپ نے اپنے میزائل داغ دیے ہیں، بس اتنا کافی ہے، ایران میز پر واپس آئے اور معاہدہ کرے، امریکی فوج الرٹ ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بیروت پر آج کے حملے پر خوش نہیں ہوں، میں ابھی نیتن یاہو کو فون کرنے جا رہا ہوں، اسرائیلی وزیراعظم سے کہوں گا کہ جوابی حملہ نہ کرے۔
اسرائیلی افواج لبنان بھر میں اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی، ترجمان اسرائیلی فوج
پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈیفرین نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ملک پر حملہ کرنا ایک بڑی اور سنگین غلطی تھی، اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف جاری حملوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور مستقبل کیلئے منصوبوں کی منظوری دے رہے ہیں، اسرائیلی افواج لبنان بھر میں اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
اسرائیلی علاقے طبریہ کے قریب ایک ایرانی میزائل اپنے نشانے پر لگا ہے، عینی شاہدین
عینی شاہدین کی جانب سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اسرائیل کے علاقے طبریہ کے قریب ایک ایرانی میزائل اپنے نشانے پر لگا ہے تاہم اسرائیلی نشریاتی ادارے چینل 12 نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ فضائیہ نے اب تک داغے گئے تمام میزائلوں کو کامیابی سے روک لیا ہے۔
اسرائیلی فوجی ذرائع کی جانب سے میڈیا کو دی گئی معلومات بھی اسی مؤقف کی عکاسی کرتی ہیں کہ بیشتر یا تمام میزائل راستے میں ہی تباہ کر دیے گئے۔
رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ معلومات فی الحال ایک عسکری ذریعے اور عینی شاہدین کے دعوؤں پر مبنی ہیں، جن کی آزاد تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔
اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر عمل جاری رکھیں اور الرٹ رہیں، کیونکہ صورتحال اب بھی بدل سکتی ہے۔
حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر ڈرونز اور میزائلوں سے حملے
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لبنان کی سرحد اور شمالی اسرائیل کے قریب واقع اسرائیلی فوجی پوزیشنوں اور فوجیوں کے اجتماع پر ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے متعدد حملے کیے ہیں۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ایران کی طرف سے میزائل فائر کرنے کا دعویٰ اتوار کو بیروت کے جنوبی مضافات پر کیے گئے اسرائیلی حملے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
ایرانی حکام نے لبنانی دارالحکومت پر اسرائیلی حملے کے جواب میں جوابی کارروائی کی وارننگ دی تھی، تازہ حملوں کے بعد پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل لبنان پر حملے روک دے، ورنہ نتائج مزید تباہ کن ہوں گے۔