عمان کے قریب امریکی فوج کا ہیلی کاپٹر سمندر میں گرگیا، پائلٹ محفوظ رہے
واشنگٹن: (دنیا نیوز) خلیج عمان میں ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران عمان کے ساحل کے قریب امریکی فوج کا ایک اپاچی ہیلی کاپٹر سمندر میں گر گیا، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کے مطابق حادثہ معمول کی گشت کے دوران پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار دو اہلکاروں کو فوری ریسکیو آپریشن کے ذریعے تقریباً دو گھنٹے کے اندر بحفاظت سمندر سے نکال لیا گیا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کی حالت مستحکم ہے اور انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر سمندر میں ڈوب گیا۔
امریکی فوج کے مطابق حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ حادثہ تکنیکی خرابی، موسمی حالات یا کسی اور سبب کے باعث پیش آیا۔
دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں تصدیق کی کہ حادثے کا شکار دونوں اہلکار محفوظ ہیں اور ان کی حالت تشویشناک نہیں۔
یاد رہے کہ خلیج عمان اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر عالمی توجہ مرکوز ہے، امریکی حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔