بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر ہزہائینس جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورس سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و بحرین کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس سے قبل بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے نیول ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر ہیڈکوارٹرز میں چیف آف دی ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی، بحرینی کمانڈر نے خطے میں بحری سکیورٹی کے فروغ کیلئے پاک بحریہ کے مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے اسے علاقائی بحری استحکام کا اہم ضامن قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: فیلڈ مارشل سے لبنانی آرمی چیف کی ملاقات، عسکری تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایئر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی جدید خطوط پر استواری، صلاحیتوں میں اضافے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، مقامی سطح پر دفاعی پیداوار اور جدید تربیتی اصلاحات پر روشنی ڈالی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ڈرونز، مصنوعی ذہانت، خودکار نظام، جدید سینسرز، ڈیجیٹل جدت اور فضائی دفاع کو درپیش نئے چیلنجز سمیت مربوط دفاعی نظام سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے خدمات کو سراہا، انہوں نے پاکستان کی دفاعی جدیدکاری اور مقامی دفاعی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط اور دیرینہ دفاعی شراکت داری کا مظہر ہے، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان عسکری تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں