سکیورٹی فورسز کا واشک میں کامیاب آپریشن، 14 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 14 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 8 جون کو بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے نال کے علاقے میں ہندوستانی پراکسی ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کے حوالے سے مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اطلاعات کے مطابق دہشتگرد قریبی پولیس سٹیشن اور بینکوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا، آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو مؤثر انداز میں مانیٹر کیا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 14 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور دشمن کے ہر ناپاک عزم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں