اقوام متحدہ کا مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر اظہار تشویش، فوری جنگ بندی کا مطالبہ
نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے فوری طور پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ ایران، لبنان اور غزہ میں طے شدہ جنگ بندی معاہدوں کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے اور ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہوں۔
انہوں نے زور دیا کہ غزہ کی تمام سرحدی گزرگاہیں فوری طور پر کھولی جائیں تاکہ انسانی امداد کی بلا رکاوٹ، محفوظ اور تیز رفتار فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں بڑے پیمانے پر امدادی سامان کی ترسیل ناگزیر ہے جبکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔
گوتریس نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشیدگی میں کمی اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں تیز کرے۔