ہیلی کاپٹر کی تباہی کا بدلہ، امریکہ کے ایران پر حملے شروع: ایران نے بحرین میں امریکی فوجی اڈے کو نشانے پر رکھ لیا
واشنگٹن: (دنیا نیوز) ایران کی جانب سے اپاچی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنائے جانے کے بعد امریکہ نے بھی ایران پر جوابی حملے شروع کر دیے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق امریکی فوج نے ایران کے جزیرہ قشم اور سیرک پر حملے کیے ہیں، امریکی فوج مخصوص اہداف کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سینٹ کام کا مزید کہنا تھا کہ یہ حملے امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کے گرائے جانے کے جواب میں کیے گئے ہیں۔
— U.S. Central Command (@CENTCOM) June 9, 2026
ایرانی خبرایجنسی نے حملے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایرانی صوبے ہرمزگان کے مشرقی علاقوں میں بھی دھماکے سنے گئے، سیریک اور ایرانی جزیرے قشم پر بھی حملہ کیا گیا جبکہ بندرعباس میں بھی دھماکے سنے گئے ہیں۔
امریکی فوج ایران کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے، صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فوج ایران کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہے، جو امریکی ہیلی کاپٹر کے مبینہ طور پر مار گرائے جانے کے واقعے کے بعد شروع کی گئی ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی بی نیوز کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا میرے خیال میں جواب دینا بہت اہم ہے، انہوں نے ایک ہیلی کاپٹر گرایا ہے، اور ہم اس وقت جواب دے رہے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا میرا یقین ہے کہ اس کا جواب بہت سخت اور بہت طاقتور ہونا چاہیے، اور یہی کچھ اس وقت کیا جا رہا ہے، امریکی فوج کی کارروائی اسی لمحے جاری ہے تاہم انہوں نے آپریشن کی نوعیت، اہداف یا مقام سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ایران نے بحرین میں امریکی فوجی اڈوں کی طرف میزائل داغ دیے، ایرانی میڈیا
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی حملوں کے بعد ایران کا جوابی ردعمل بھی شروع ہو چکا ہے، پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکی حملوں کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایرانی خبر ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران پر حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں ایرانی فورسز نے بحرین میں امریکی فوجی اڈوں کی طرف میزائل داغ دیے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی تھی کہ ایران نے گزشتہ روز آبنائے ہرمز کے اوپر گشت کرنے والا امریکی فوج کا انتہائی جدید اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرایا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ اگرچہ ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹس محفوظ رہے ہیں لیکن پھر بھی امریکہ کو اس حملے کا لازمی طور پر جواب دینا ہوگا۔
ادھر ایران نے امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کر دی، ایرانی نائب وزیر خارجہ نے الجزیرہ سے گفتگو میں کہا کہ تہران کا امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر پر حملے سے کوئی تعلق نہیں۔