فٹبال پریمیئر لیگ، لیور پول نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو چار دو کی شکست سے دوچار کر دیا

کھیل

لندن: (دنیا نیوز) فٹبال پریمیئر لیگ میں لیور پول نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو چار دو کی شکست سے دوچار کر دیا، بڑی فتح کے ساتھ ہی مہمان ٹیم کو آئندہ سیزن چیمپئنز لیگ میں نمائندگی کی بڑی امید لگ گئی۔

ہار پر شکستہ دل پرستار آپے سے باہر ہو گئے، پولیس کے آمنے سامنے آ گئے، انگلش کلب کے امریکی مالک گلیزر کو آؤٹ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔اولڈ ٹریفورڈ کے تاریخی میدان میں فٹبال کا بڑا معرکہ، اسٹارز بھری مانچسٹر یونائیٹڈ اور لیورپول کی ٹیموں میں زور کا جوڑ پڑا۔ دسویں منٹ فرینینڈیز نے گول سے ہوم ٹیم کو برتری دلائی، جواب میں لیورپول نے دو کامیابیاں حاصل کر لیں۔

پہلے ہاف کا اختتام دو ایک پر ہوا، کھیل میں مزید تیزی، سنسنی آ گئی، فرمینو نے اپنا دوسرا گول اسکور کیا۔ سپر اسٹار محمد صلاح نے آخری منٹ بال کو جال میں ڈال کر کمال دکھایا۔ بڑی جیت سے لیورپول کو آئندہ سیزن چیمپئینز لیگ میں نمائندگی کی امید پیدا ہو گئی۔

چار دو کی شکست پر پرستار شکستہ دل، ہنگامہ آرائی شروع کر دی، اس ہار کا غصہ بھی باغی فٹبال لیگ اور کلب مالک گلیزر پر نکالا گیا۔ امریکی بزنس مین کو انگلش کلب سے آؤٹ کرنے کا مطالبہ پرتشدد ہوگیا۔ پولیس سے آمنا سامنا ہوا، پکڑن پکڑائی اور لڑائی مارکٹائی سے سڑکیں گلیاں میدان جنگ بن گئیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں