ٹوکیو اولمپکس 2021ء: افتتاحی تقریب میں صرف 950 تماشائی شریک ہونگے

کھیل

ٹوکیو: (دنیا نیوز) ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں حکام اور صحافیوں سمیت قریب ساڑھے نو سو افراد شریک ہو رہے ہیں۔ یہ تقریب جمعے کے روز جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں اولمکپس کے مرکزی اسٹیڈیم میں منعقد ہو رہی ہے۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر میں ان مقابلوں میں تماشائیوں کی شرکت کو انتہائی محدود کر دیا گیا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ اولمپکس گزشتہ برس منعقد ہونا تھے تاہم کورونا وائرس کی وبائی صورت حال کی وجہ سے انہیں ملتوی کر ديا گیا تھا۔

خیال رہے کہ جاپان میں 23 جولائی سے ٹوکیو اولمپکس کا میلہ سجے گا۔ 8 اگست تک جاری گیمز میں 20 رکنی قومی دستہ بھی شامل ہے۔ جوشیلے انداز، میڈلز کی دوڑ، ریکارڈز بنانے کا جذبہ عروج پر ہوگا۔

رنگا رنگ پروگرام پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے شروع ہو گا، شاندار پرفارمنس میں ٹیموں کی جاندار انٹری ہو گی۔

کورونا کے باعث ایک سال تاخیر کا شکار ٹوکیو اولمپکس دوسو چار اولمپکس ممبر ملکوں سے 33 گیمز کی 339 کیٹگریز میں گیارہ ہزار دو سو اڑتیس ایتھلیٹس اِن ایکشن ہوں گے۔

ایتھلیٹکس، جمناسٹک، فاٹئنگ ، سوئمنگ اور زور آزمائی کے بھرپور مقابلوں میں میڈلز کی دوڑ لگے گی، ریکارڈز پہ ریکارڈز بنیں گے۔

آٹھ اگست تک جاری رہنے والے عالمی کھیلوں کے اس میلے میں تین ضرب تین باسکٹ بال، فری سٹائل سائیکلنگ سمیت پانچ نئی گیمز شامل ہیں۔ پاکستانی بیس رکنی اسکواڈ بیڈمنٹن، کراٹے اور تیراکی سمیت دیگر میں پرفارمنس دے گا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں