قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کا جسد خاکی مل گیا، بیٹے نے تصدیق کر دی

کھیل

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کے معروف کوہ پیما محمد علی سدپارہ کا جسد خاکی تلاش کر لیا گیا ہے۔جس کی تصدیق ان کے بیٹے ساجد علی سد پارہ اور وزیر اطلاعات گلگت بلتستان نے تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کا جسد خاکی مل گیا، نیپالی شرپاز کی گروپ نے بوتل نیک سے 300 میٹر نیچے دو لاشوں کو دیکھا ہے، علی سدپارہ اور ان کے دوغیرملکی ساتھی سردیوں میں کے ٹو پر مہم جوئی کے دوران بوٹل نیک سے لاپتہ ہوگئے تھے۔

اُدھر قومی ہیرو علی سد پارہ کے بیٹے ساجد علی سد پارہ نے بھی لاش ملنے کی تصدیق کر دی۔

بیٹے ساجد سد پارہ کا کہنا تھا کہ مرحوم والد کا جسدِ خاکی بوٹل نک سے 300 میٹر نیچے کھائی میں نظر آرہا ہے، والد کے دیگر ساتھیوں جان سنوری اور جان پابلو کی باڈیز بھی نظر آرہی ہیں، ان دنوں کے ٹو سرچ مشن پر ہیں، ساجد سدپارہ اور ٹیم کیمپ فور پر موجود ہے، والد کے جسدِ خاکی کو نکالنے کی تدبیر پر غور کررہے ہیں، آج رات یا صبح تک ریسکیو کرکے باڈیز کو نکالنے کی کوشش کرینگے، قوم سے مشن کی کامیابی کے لیے دعاوں کی اپیل کرتا ہوں۔

دوسری طرف وزیر اطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے علی سدپرہ کی لاش ملنے کی تصدیق کر دی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات گلگت بلتستان فتح اللہ خان نے کہا ہے کہ کے ٹی بیس کیمپ فور سے علی سد پارہ، جان سنوری کی لاشیں مل گئیں۔ دور بین سے لاشوں کی شناخت کی گئی۔ بیس کیمپ کے قریب لاشوں تک پہنچنے میں وقت لگے گا۔ علی سد پارہ 5 فروری 2021ء کو لاپتہ ہوئے تھے۔ صبح نو بجے لاشوں کو دور سے دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ رواں سال فروری کے دوران کے ٹو پر موسم کی خرابی کے باعث محمدعلی سدپارہ سمیت 2 کوہ پیما لاپتہ ہوگئے تھے۔ اس دوران پاکستان آرمی کی جانب سے متعدد کوششیں کی گئیں، آرمی کے دو ہیلی کاپٹرز نے 7ہزار میٹر بلندی تک پرواز کی تھیں، تاہم سخت سرد موسم کے باعث لاش نہیں مل سکی تھی جس کے بعد گلگت حکومت کے وزیر راجہ ناصر علی خان نے کہا تھا کہ محمد علی سدپارہ اور دیگر کوہ پیما دنیا میں نہیں رہے، حکومت، فوج اور لواحقین سب اس رائے پر متفق ہیں۔

گلگت بلتستان حکومت کے وزیر سیاحت راجہ ناصر علی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ علی سدپارہ اور ساجد سدپارہ کو سول اعزازت سے نوازا جائے گا، وفاقی حکومت کو سکردو ائیر پورٹ کو علی سدپارہ سے منسوب کرنے کی تجویز پیش کی ہے، علی سدپارہ کے نام سے کوہ پیمائی کے لئے سکول قائم کیا جائے گا۔

راجہ ناصر علی کا کہنا تھا کہ حکومت قومی ہیرو علی سدپارہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، حکومت علی سدپارہ کی فیملی کی مالی و اخلاقی معاونت کرے گی، قومی ہیرو کے بچوں کو تعلیمی سکالرز شپ دی جائے گی، حادثات کا شکار ہونے والے کوہ پیماؤں کے خاندانوں کی کفالت کے لئے باقاعدہ قانون بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ساجد سدپارہ کا کہنا تھا کہ علی سدپارہ کے ٹو کی مہم جوئی کے دوران لاپتہ ہوئے، کے ٹو سر کرنے کے بعد واپسی پر حادثہ پیش آیا، کے ٹو نے انہیں ہمیشہ کیلئے اپنی آغوش میں لے لیا، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں تمام دستیاب وسائل استعمال کیے گئے، میرا خاندان شفیق باپ سے محروم ہوا۔

ساجد سدپارہ نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم محب وطن قومی ہیرو سے محروم ہوئی، دنیا بہادر اور باصلاحیت مہم جو سے محروم ہوئی، والد کے مشن کو جاری رکھوں گا، والد کے ادھورے خواب پورے کروں گا۔

خیال رہے لاپتہ پاکستانی کوہ پیما علی سدپارہ اور دو غیر ملکی کوہ پیما سردیوں میں بغیر آکسیجن کے ٹو کو سر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ نامور پاکستانی کوہ پیما محمد علی سد پارہ، آئس لینڈ کے جان سنوری اور چلی کے جان پابلو انتہائی بلندی پر پہنچنے کے بعد واپس نہیں پہنچ سکے۔

علی سدپارہ سمیت دیگر کوہ پیماؤں کا کیمپ سے رابطہ منقطع ہوا، ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوہ پیما ٹیم کی تلاش کی گئی لیکن خراب موسم اور تیز ہواؤں کے باعث ریسکیو آپریشن کامیاب نہ ہو سکا۔ مہم جوئی میں علی سدپارہ کے ساتھ ان کے بیٹے ساجد سد پارہ بھی موجود تھے جو آکسیجن ریگولیٹر خراب ہونے پر بحفاظت کیمپ ون میں پہنچ گئے تھے۔

محمد علی سد پارہ نے 2016ء میں سردیوں کی مہم جوئی کے دوران پہلی بار نانگا پربت کو سر کیا تھا۔ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انھوں نے آٹھ ہزار میٹر کی آٹھ چوٹیاں فتح کرنے کے علاوہ ایک سال کے دوران آٹھ ہزار میٹر کی چار چوٹیاں سر کی ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں