بابا گرونانک کبڈی ٹورنامنٹ، رائل بیلجئم نے فائنل میں رائل کنگ یو ایس کو شکست دیدی

کھیل

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں تیسرے بابا گرونانک کبڈی ٹورنامنٹ میں قومی سطح کے چار کبڈی کلبز نے حصہ لیا، فائنل میں رائل بیلجیم نے رائل کنگ یو ایس اے کو شکست دی۔

روایتی کھیل کبڈی کا میدان سجا ہو اور شائقین نہ ہوں ایسا ممکن نہیں۔ کبڈی کبڈی کبڈی کی آواز بلند کرتے پہلوانوں نے خوب جی داری دکھائی۔ ڈجکوٹ سٹیڈیم میں قومی سطح کے 4 کبڈی کلبوں نے مہارت کے جوہر دکھائے۔ کینیڈا سے آئے منتظمین نے کھلاڑیوں کو خوب داد دی۔

ٹورنامنٹ میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کبڈی کے چیمپین کھلاڑیوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے ہوئے جبکہ فائنل میں کانٹے دار مقابلے کے دوران بندیشہ رائل بیلجیم نے رائل کنگ یو ایس اے کو شکست دی۔

کھلاڑیوں کا کہنا تھا ایسے ٹورنامنٹ ہونے چاہئیں تاکہ نئی نسل کو منشیات کی لت سے بچایا جاسکے۔ جنم دن کی مناسبت سے کبڈی ٹورنامنٹ کو بابا گرونانک کے نام منسوب کیا گیا اور جیتنے والی ٹیم کو 6 لاکھ جبکہ رنر اپ کو 3 لاکھ روپے انعام دیا گیا ۔ کبڈی کا سٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا رہا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں