ریٹائرمنٹ کا اعلان جلدی کرنے پر ثانیہ مرزا کو پچھتاوا

کھیل

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سینئر آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کافی جلدی کردیا ہے جس پر انہیں ’پچھتاوا‘ ہو رہا ہے۔

35 سالہ ثانیہ مرزا نے اب تک چھ گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتے ہیں جن میں تین مکسڈ ڈبلز ٹرافیز بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 19 جنوری کو ثانیہ مرزا نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2022 کے سیزن کے اختتام پر ریٹائرمنٹ لے لیں گی کیونکہ ان میں اب اتنی طاقت باقی نہیں رہی۔ انہوں نے یہ اعلان آسٹریلین اوپن میں ویمنز ڈبلز کا پہلا راؤنڈ ہارنے کے بعد کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ٹینس سٹار سے صحافی کی طرف سے سوال کیا گیا کہ ٓیا ٹینس اور دوروں کے حوالے سے ان کا نقطہ نظر بدل گیا ہے، کیونکہ یہ ان کا آخری سیزن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شعیب ملک کی اہلیہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

اس سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ریٹائرمنٹ کے بارے میں ہر میچ کے وقت نہیں سوچتی، میں نے یہ اعلان بہت جلدی کردیا ہے، اس چیز کا پچھتاوا ہے کیونکہ مجھ سے اس وقت اسی بارے میں سوال پوچھے جا رہے ہیں۔

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ میچ جیتنے کے لیے ٹینس کھیلتی ہیں اور جب تک میں کھیل رہی ہوں، کوشش کروں گی کہ ہر میچ جیتوں، ریٹائرمنٹ ہر وقت میرے ذہن پر سوار نہیں ہوتی۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے ٹینس کھیلنا اچھا لگتا ہے، ہمیشہ سے لگتا ہے، چاہے جیتوں یا ہاروں اور میرا اس پر ابھی بھی یہی نظریہ ہے۔ میں 100 فیصد کوشش کرتی ہوں، کبھی یہ کام کر جاتی ہے کبھی نہیں لیکن میں پورے سال تک کے لیے اس (کھیل) کے لیے مکمل طور پر موجود ہوں، میں واقعی یہ نہیں سوچنا چاہتی ہے کہ سال کے آخر میں کیا ہو گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں