ورلڈ یوتھ باکسنگ: پاکستان کے عثمان وزیر کی بھارتی حریف کو ناک آؤٹ شکست

بنکاک: (ویب ڈیسک) ورلڈ یوتھ چیمپئن باکسنگ میں پاکستان کے عثمان وزیر نے بھارتی حریف کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا۔

پروفیشنل باکسنگ کا پاک بھارت ٹاکرا پاکستان کے عثمان وزیر نے ایک منٹ پانچ سیکنڈ میں ہی جیت لیا، بھارتی باکسر عثمان وزیر کے دو مُکے بھی برداشت نہ کر سکے۔

تھائی کے باکسنگ ایرینا میں پاکستان کے عثمان وزیر کا مقابلہ بھارت کے تھلک سیلوام سے تھا، پہلا راؤنڈ شروع ہوا تو چند سیکنڈ بعد ہی عثمان کا زور دار مُکا بھارتی باکسر سہہ نہ سکا اور رنگ میں بیٹھ گیا۔

بھارتی باکسر کے سانس ابھی بحال ہوئے ہی تھے کہ عثمان نے ایک اور مُکا جڑ دیا، پھر بھارتی باکسر سنبھل نہ پائے اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریفری نے عثمان وزیر کو ٹیکنیکل بنیاد پر فاتح قرار دے دیا۔

باکسنگ رنگ میں عثمان وزیر کی یہ مسلسل 14ویں کامیابی ہے اور بھارتی باکسر کو شکست دینے کے بعد عثمان وزیر نے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم سے اچھے روابط قائم کرنے کی اپیل کی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں