اولمپکس میں ارشد کی تھرو دیکھ کر ہوش اڑ گئے تھے: نیرج چوپڑا کا اعتراف

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی جویلین تھرور نیرج چوپڑا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اعتراف کیا ہے کہ پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی تھرو کے بعد میرے ہوش ٹھکانے پر نہیں رہے تھے۔

ٹوکیو اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ اور پیرس اولمپکس کے سلور میڈلسٹ بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا کا اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی دیو ہیکل تھرو سے میں دباؤ میں آگیا تھا، تھرو دیکھ کر میرے اوسان خطا ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پہلی تھرو ایتھلیٹ کے مائنڈ سیٹ کی عکاسی کرتی ہے، میری پہلی تھرو اچھی تھی لیکن میرا فاؤل ہو گیا، میں نے نئے ٹریک پر فاؤل سے بچنے کے لیے ایڈجسٹ ہونے کی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔

نیرج کا کہنا تھا کہ اولمپکس میں مقابلہ بہت سخت تھا، ارشد ندیم نے اس کے بعد اچھی تھرو کر دی، میری تھرو بھی اچھی رہی تھی اس کے بعد کیا ہوا پتا نہیں، وہ کہتے ہیں ناکہ جوش کے ساتھ ہوش بھی رکھنا چاہیے۔

بھارتی جیولین تھرور نے کہا کہ اس دن میں جوش میں تھا اور بہت زیادہ غصہ تھا کہ مجھے کچھ کرنا ہے لیکن اس دوران تکنیکی چیزیں چھوٹ گئیں۔

یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں نیرج چوپڑا اپنے گولڈ میڈل کا دفاع نہیں کر سکے تھے اور ارشد ندیم نے اولمپکس کے ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا جبکہ نیرج نے سلور میڈل جیتا تھا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں