آئی سی سی نے لارڈز اور قذافی سٹیڈیم کی پچز غیر تسلی بخش قرار دے دیں
دبئی: (دنیا نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے انگلینڈ کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ اور پاکستان کے قذافی سٹیڈیم کی پچز کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے دونوں وینیوز کو ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دے دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی پچ پر غیر معمولی سیم موومنٹ اور غیر یکساں باؤنس دیکھا گیا جبکہ لارڈز ٹیسٹ میں صرف دو روز کے دوران 33 وکٹیں گرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
دوسری جانب قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ون ڈے میچ کی پچ کو بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار نہیں دیا گیا۔ میچ ریفری کے مطابق پچ سست اور نیچی رہی جس کے باعث بیٹنگ مشکل ہو گئی، جبکہ میچ کے آغاز سے ہی اسپنرز کو غیر معمولی مدد حاصل رہی۔
آئی سی سی کے قوانین کے تحت غیر تسلی بخش پچ پر میزبان وینیو کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا جاتا ہے، یہ پوائنٹس پانچ سال تک ریکارڈ کا حصہ رہتے ہیں۔
آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کو فیصلے کے خلاف اپیل کے لیے 14 دن کی مہلت بھی دی ہے۔
آئی سی سی کے ضوابط کے مطابق کسی وینیو کے 6 ڈی میرٹ پوائنٹس ہونے پر ایک سال جبکہ 12 ڈی میرٹ پوائنٹس ہونے پر دو سال تک بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ لارڈز اور قذافی اسٹیڈیم کے خلاف اس فیصلے سے قبل کوئی ڈی میرٹ پوائنٹ موجود نہیں تھا۔