پنجاب حکومت کی وفاق سے لاہور کیلئے کراچی طرز پر ترقیاتی پیکج کی سفارش

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے وفاق سے لاہور کے لئے بھی ترقیاتی پیکج کی سفارش کردی، وفاقی حکومت جلد پنجاب حکومت کی تجاویز کا جائزہ لیکر اعلان کرے گی۔ وفاق نے کراچی کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکج کااعلان کر رکھا ہے۔

لاہور میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں ارکان اسمبلی نے وفاقی حکومت سےپیکیج کی درخواست کی،اہم وفاقی وزر ا نے بھی کراچی کی طرز پر لاہور کے لئے پیکیج کی حمایت کردی ،وفاقی حکومت جلد اس ضمن میں پنجاب حکومت کی تجاویز کاجائزہ لیکر پیکیج کااعلان کرے گی۔وفاقی حکومت نے کراچی کے لئے اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی پیکیج کااعلان کررکھاہے۔وزیر اعلی پنجاب نے لاہور کے لئے پنجاب حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پربھی کام تیز کرنے کی ہدایت کردی

وزیراعلی پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور میں ایک ہز ار بیڈ کے نئے ہسپتال پر جلد باضابطہ کام کا آغاز ہوگا ، ایک سو بیس کینال پرمحیط ہسپتال میں400بیڈ جنرل ،400 کارڈیالوجی ،200 خون کی بیماریوں کےلئے ہوں گے ۔پچیس سال کے بعد لاہور میں بڑا ہسپتال بنے گا۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ شاہکام فلائی اوور پر بھی ابتدائی کام مکمل کرلیا گیا جس کا سنگ بنیاد جلد رکھاجائے گا۔شیرانوالہ فلائی ا وو ر کے حوالے سے بھی تکینکی کام مکمل ہوچکاہے ، گلاب دیوی انڈر پاس کا بھی جلد سنگ بنیاد رکھاجائے گا،پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا بھی جلد وزیراعظم افتتاح کریں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں