سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی تو واضح ترقی نظر آتی: فواد چودھری

پاکستان

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایوان میں اپوزیشن کا رویہ غیر سنجیدہ، لگتا ہے ٹیپ بال کے کھلاڑی صرف باری لینا چاہتے ہیں، مخالفین نے اب تک بجٹ کو پڑھنے کی بھی زحمت نہیں کی،یہ لوگ اگلے سات سال بھی ایسے ہی بینر اٹھا کر کونے میں کھڑے ملیں گے۔ سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی تو واضح ترقی نظر آتی۔

وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کراچی میں میڈیا سے گفگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو 15 سے 1600ارب ملا یہ پیسہ کہاں گیا؟ کراچی کے لوگ شکوہ کرتے ہیں ان کے مسائل حل نہیں ہوتے۔ کراچی کا براہ راست میئرمنتخب ہونا چاہیے۔ شہر قائد کے شہریوں کوپینے کا پانی دستیاب نہیں ہے، پانی نہ ملنے کا مرادعلی شاہ اوران کی پارٹی ذمہ دارہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے پارٹی زرداری کے ہاتھ گئی محدود سوچ کی بنا پرپنجاب پرالزام لگاتے ہیں، بدقسمتی ہے پیپلزپارٹی کواندرون سندھ کی پارٹی بنادیا گیا ہے۔ کراچی کے شہری صوبائی حکومت سے تنگ ہیں، کراچی کے مسائل کا ہمیں ادراک ہے، سپریم کورٹ آرٹیکل 140اے پرعملدرآمد کروائے۔ اگرمرادعلی شاہ اینڈ کمپنی پرتکیہ کیا جاتا رہا تومزید کئی سال بھی سندھ میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہونگے، کراچی معاشی حب ہے، اگرسندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوتی تونمایاں ترقی نظرآتی

انہوں نے کہا کہ امید ہے سندھ حکومت رواں سال کچھ پیسہ عوام پربھی لگائے گی، 13 سال ہو گئے، سندھ حکومت ابھی تک اپنی پولیس کوبھی ضروری سازوسامان نہیں دے سکی، تیل وگیس کی مد میں سب سے زیادہ پیسہ گھوٹکی کوملتا ہے لیکن وہاں بھی ترقی کے کوئی آثارنہیں۔ سندھ کی حکومت خود قوم پرستی کی سیاست میں پڑگئی ہے، پیپلزپارٹی کوری لائز کر کے دوبارہ وفاق کی سیاست کرنی چاہیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی بہت سینئرآدمی ہیں، شائد مذاق کررہے ہیں بجٹ سینیٹ نہیں قومی اسمبلی پاس کرتی ہے۔ تین سال ہوگئے،اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ بجٹ پاس نہیں ہوگا یہ اگلے 7سال اسی طرح اپوزیشن کونے میں بینرزلیکرکھڑی نظرآئے گی۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چودھری نے کہا کہ امریکا کوکسی قسم کے اڈے نہیں دیئے جارہے، پاکستان کے تمام اڈے پاک فضایئہ کے کنٹرول میں ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ احسن اقبال ایک سینئرکبھی عقل کی بات بھی کرلیا کریں، احسن اقبال نے ای وی ایم مشین کو دیکھے بغیرمسترد کیا، ہرالیکشن کے بعد تنازع کھڑا ہوتا ہے، مسلم لیگ اوورسیزپاکستانیوں کوووٹ کا حق نہیں دینا چاہتی، الیکشن کوشفاف بنانے کے لیے اپوزیشن کوسنجیدہ کوشیش کرنی چاہیے، ایوان میں اپوزیشن کے رویے سے لگتا ہے ٹیپ بال کے کھلاڑی جوصرف اپنی باری لینا چاہتے ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں