ملک کی اسمبلیاں اکھاڑہ اور جمہوریت مذاق بن کر رہ گئی ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پارلیمنٹ میں اراکین کی ہلڑ بازی پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی اسمبلیاں اکھاڑہ اور جمہوریت مذاق بن کر رہ گئی ہے۔

سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نام نہاد منتخب نمائندوں نے ایک بار پھر پوری دنیا کو تماشا دکھایا۔ قومی اسمبلی میں ہونے والی گالم گلوچ اور بد تہذیبی ٹی وی سکرینوں کے ذریعے گھر گھر پہنچ گئی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن نمائندوں نے غیر ذمہ داری اور غیر سنجیدگی کی تمام حدیں پار کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا سودا کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ حکومت سے بار بار مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کی آزادی کے لیے نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے۔ وزیراعظم مسئلہ کشمیر پر ایک دن منانے اور اقوام متحدہ میں تقریر کے بعد سب کچھ بھول گئے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو کشمیر کاز کے لیے جو کچھ کرنا چاہیے تھا، وہ نہیں کیا۔ کشمیر اور فلسطین پر عالمی اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ جماعت اسلامی اپنی آواز ملک کے نوجوانوں، پروفیشنلز اور پڑھے لکھے طبقات تک پہنچا رہی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں