کوشش ہے 14 اگست تک 40 فیصد آبادی کو ویکسی نیٹ کر دیں: یاسمین راشد

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں گھر گھر جاکر ویکسی نیشن مہم کا آغاز ہوگیا، کوشش ہے 14 اگست تک 40 فیصد آبادی کو ویکسی نیٹ کر دیں، کورونا سے بچاؤ کا واحد حل ویکسی نیشن ہے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسین سے کیسز میں کمی ہوئی، پنجاب حکومت کے پاس ویکسین کی وافر مقدارموجود ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسداد کورونا ویکسین فراہمی کے پروگرام کوویکس کے تحت ماڈرنا ویکسین کی مزید 30 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔ اقوام متحدہ کے غریب اور ترقی پذیر ممالک کو کورونا وبا پر قابو پانے کیلئے شروع کیے گئے پروگرام کوویکس کے تحت پاکستان کو ماڈرنا ویکسین کی مزید 30 لاکھ خوراکیں اسلام آباد پہنچائی گئیں۔

ویکسین کی یہ کھیپ غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے لائی گئیں۔ کوویکس نے پاکستان کو موڈرنا کورونا ویکسین مفت فراہم کی ہے۔ موڈرنا پاکستان کو کوویکس سے ملنے والی پانچویں ویکسین کھیپ ہے۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 32 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 48 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 8 ہزار 446 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 752 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 53 ہزار 238، سندھ میں 3 لاکھ 67 ہزار 92، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 41 ہزار 925، بلوچستان میں 29 ہزار 571، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 747، اسلام آباد میں 85 ہزار 780 جبکہ آزاد کشمیر میں 23 ہزار 93 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 57 لاکھ 17 ہزار 61 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 947 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 27 ہزار 599 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 677 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 32 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار 48 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 944، سندھ میں 5 ہزار 833، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 420، اسلام آباد میں 793، بلوچستان میں 325، گلگت بلتستان میں 123 اور آزاد کشمیر میں 610 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں