پاکستان کا مسئلہ انتخابی اصلاحات کا نہیں الیکشن چوری کا ہے: شاہد خاقان عباسی

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مسئلہ انتخابی اصلاحات کا نہیں الیکشن چوری کا ہے، کسی کو عوامی رائے بدلنے کا حق حاصل نہیں، توشہ خانہ نئی چیز نہیں، اس میں چھپانے والی کوئی بات نہیں۔

رہنما پاکستان مسلم لیگ نون شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات میں الیکشن چوری کو روکنے کا لکھا جائے، ووٹ کا حق پاکستان کا آئین ہر شہری کو دیتا ہے، کسی کو عوامی رائے بدلنے کا حق حاصل نہیں۔

 دوسری جانب لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے خود چیف الیکشن کمشنر کا نام تجویز کیا تھا، دباؤ ڈالنے کیلئے چیف الیکشن کمشنر پر توہین آمیز حملے کیے جا رہے ہیں، ای وی ایم کا مطلب دھاندلی کی مشین ہے، یہ ای وی ایم کے ذریعے الیکشن چوری کرنا چاہتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر پر ذاتی حملے کیے جا رہے ہیں، یہ اپنے جرائم کو چھپانے کیلئے کردار کشی کر رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کا نام اپوزیشن نے تجویز نہیں کیا تھا۔

احسن اقبال نے کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کی تباہی کا کون ذمہ دار ہے ؟ حکومت نارووال کو بھارت نہ سمجھے، ملک کا حصہ ہے، قومی کھیلوں پر مشتمل منصوبے کو نقصان پہنچایا گیا، کروڑوں روپے کا سامان ضائع کر دیا گیا، کرکٹ اسٹیڈیم میں 4، 4 فٹ گھاس اگی ہوئی ہے، شیشے ٹوٹے ہوئے ہیں، ہم نے بمشکل کھیلوں کے میدان آباد کیے تھے، حکومتی ناکامی کے باعث کھیلوں کے میدان اجڑ رہے ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں