کورونا کیسز میں کمی، لاہور سمیت 6 شہروں میں اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے اثرات سامنے آنے لگے، لاہور سمیت 6شہروں میں اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر کی صدارت میں اجلاس ہوا ، جس میں کورونا وائرس کی صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

این سی او سی نے کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے باعث بدھ سے شدید پھیلاؤ والے اضلاع لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، سرگودھا ، گجرات اور بنوں سے اضافی پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تاہم ملک بھر کے لیے عمومی پابندیاں 30 ستمبر 21 تک نافذ رہیں گی، پابندیوں پر نظر ثانی کے لئے 28 ستمبر کو اجلاس ہوگا۔ چھ اضلاع میں بازاررات 8 کے بجائے 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ مقامی و صوبائی حکومتیں مزارات کھولنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کریں گی۔

این سی او سی کے مطابق تفریحی مقامات، پارکس کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہوگی۔ آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسین لگوانے والے 400 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔ ان ڈور شادی ہالز میں تقریب کے دوران ویکسین لگوانے والے 200 افراد تک کی اجازت ہوگی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر کے مطابق اِن ڈور، آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی۔ ہفتے میں دو کے بجائے ایک دن مارکیٹیں، بازار بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں