نواز شریف کی جعلی ویکسین کا اندراج پاکستان کے خلاف سازش ہے: شہباز گل

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائےسیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جعلی ویکسین کا اندراج پاکستان کے خلاف سازش ہے، ڈیٹا بیس کو بدنام کرنے کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ کا ڈرامہ رچایا گیا،

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور کا کہنا تھا کہ جعلی ویکسی نیشن کے معاملے پر تیزی سے کام کرنے پر یاسمین راشد کو مبارکباد دیتا ہوں۔ مریم صفدرکوجواب دیناپڑے گا، ڈان لیکس سے لیکر ویکسین لیک تک ہر واقعے کا کھرا مریم صفدر تک کیوں جاتا ہے۔ مریم اور ایم پی ایز عمران نذیر اور چودھری شہباز نے مل کر یہ سازش تیار کی۔

ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ نوید نامی شخص کو مریم نے یہ ذمہ داری دی۔ کورونا ڈیٹا بیس کو بدنام کرنے کیلئے جعلی سرٹیفکیٹ کا ڈرامہ رچایا گیا، سیاست میں گندی سوچ والوں نے ملک کے مستقبل کے بارے میں نہیں سوچا، ملکی سلامتی کےخلاف سازش کرنے والوں کو جواب دینا پڑے گا، ڈان لیکس پر مریم نواز کو این آر او نہیں دینا چاہیے تھا، اگر ڈان لیکس پر این آر او نہ دیا جاتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔

شہباز گل نے کہا کہ مریم نواز نے براہ راست پاکستان کے وقار پر حملہ کیا ہے، ملزم عادل رفیق ہسپتال میں ملازم ہے جسے چودھری شہباز نے 2015 میں ہسپتال میں بھرتی کروایا تھا، عادل رفیق ن لیگ کا کارکن ہے، ابو الحسن اور عادل رفیق تھانہ گجر پورہ میں زیر حراست ہیں اور ایف آئی اے ان سے تحقیقات کرے گی، جبکہ نوید کو بھی جلد جرمنی سے گرفتار کیا جائے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں