بابائے جمہوریت نواب زادہ نصر اللہ خان کو دنیائے فانی سے رخصت ہوئے 18 برس بیت گئے

پاکستان

ملتان: (دنیا نیوز) اپوزیشن کی علامت بابائے جمہوریت نواب زادہ نصر اللہ خان کو دنیائے فانی سے رخصت ہوئے 18 برس بیت گئے، جمہوریت کی بقا کیلئے آمریت کیخلاف کئی تحریکیں چلانے پر آج بھی تمام سیاسی جماعتیں ان کی سیاسی بصیرت کی معترف ہیں۔

خانگڑھ کی سیاسی پہچان نواب زادہ نصر اللہ خان ہیں جنہوں نے اپنی سیاست کا آغاز 1933 میں مجلس احرار سے کیا تاہم 1964 میں مادر ملت فاطمہ علی جناح کی حمایت میں پاکستان ڈیمو کریٹک ایکشن کمیٹی بنائی اور 1977 میں ضیاءالحق کی آمریت کو ختم کرنے کیلئے ایم آر ڈی تشکیل دی جبکہ 1988 میں صدارتی الیکشن بھی لڑا اور پرویز مشرف کیخلاف نوازشریف اور شہید بینظیر بھٹو کو اے آر ڈی کے پلیٹ فارم پر یکجا کیا۔

نواب زادہ نصر اللہ خان ایک مرتبہ صوبائی اور تین مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور چئیرمین کشمیر کمیٹی بھی رہے لیکن ستر سالہ سیاسی کیرئیر میں صرف اصولوں کی سیاست کو ہی ترجیح دی۔

نواب زادہ نصراللہ خان 26 ستمبر سن 2003 میں 87 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تاہم ان کے بیٹے نواب افتخار خان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے ممبر قومی اسمبلی جبکہ نواب منصور خان تحریک انصاف سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہو کر اپنے والد کی سیاست کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں