پشاور: تاریخی مسجد مہابت خان کی تزئین وآرائش کا کام 3 سال بعد بھی مکمل نہ ہوسکا

پاکستان

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں مغلیہ دور میں بننے والی تاریخی مسجد مہابت خان کی تزئین وآرائش کا کام تین سال گزرنے کے باوجود بھی مکمل نہ ہوسکا۔ تین برسوں میں مسجد کے صرف 5 مینار اور 2 گنبد ہی تیار ہوسکے۔

مغلیہ دور حکومت میں بنائی گئی پشاور کی تاریخی مسجد مہابت خان کی تزئین و آرائش کا کام مزید تاخیر کا شکار ہوگیا۔ تین سال گرزنے کے بعد بھی بحالی کا منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔

تاریخی مسجد مہابت خان کو اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے تزئین و آرائش کا کام سال 2018 میں شروع کیا گیا۔ منصوبے کے لیے 8 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے تاہم تین سال میں صرف مسجد کے 5 مینار اور 2 گنبد ہی تیار ہوسکے، مسجد کے بڑے میناروں پر کام شروع نہ ہوسکا۔

معاون خصوصی اطلاعات کامران بنگش کا کہنا ہے کہ تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور بحالی کا کام ٹیکینکل ہے، جس کی وجہ سے تاخیر ہوتی ہے، مسجد کی بحالی کا کام جلد مکمل کرلیا جائیگا۔

تاریخی مسجد کی بحالی کا منصوبہ سال 2015 میں تیار کیا گیا تھا، موجودہ دور میں اس کی ذمہ محکمہ آثار قدیمہ کے سپرد کی گئی ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں