'اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے عالمی سطح پر قوانین مرتب کرنا ہوں گے'

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ جس طرح سے ٹیکنالوجی میں اضافہ ہوا اس کے ساتھ ساتھ فیک نیوز کو سمجھنا بہت ضروری ہے، اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے عالمی سطح پر قوانین مرتب کرنا ہوں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خبر کو پھیلانے کے ذرائع بہت زیادہ ہوگئے ہیں، جس طرح سے ٹیکنالوجی میں اضافہ ہوا، فیک نیوز کو سمجھنا ضروری ہے، اصل اور جعلی خبر کی پہچان بہت ضروری ہے، پہلے ادوار میں خبر کا ملنا مشکل تھا، اب سچی اور جھوٹی کا فرق مشکل ہے، خبر دینے والے کی تربیت بہت ضروری ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اقبال پارک واقعہ پر جعلی خبروں کا طوفان برپا کیا گیا، خاتون ٹک ٹاکر کی خبر پھیلانے میں بھارتی انٹیلی جنس بھی ملوث تھی، مینار پاکستان واقعہ کے بعد دنیا میں پاکستان کا غلط تاثر پھیلایا گیا، اس واقعے پر پڑوسی ملک کے میڈیا نے پاکستانی معاشرے پر بے جا تنقید کی، بھارتی میڈیا نے تاثر دیا پاکستان میں خواتین غیر محفوظ ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب اقتدار میں آئے تو کوئی حکومتی ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم نہیں تھا، ڈیجیٹل میڈیا ونگ کسی بھی عالمی ادارے کے برابر ہے، ہم نگرانی کرتے ہیں کس خبر کو کس نے کتنی اہمیت دی، خبر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جائے تو اصل اور جعلی کی تمیز کرنا مشکل ہے، اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے عالمی سطح پر قوانین مرتب کرنا ہوں گے، فیک نیوز کے حوالے سے میڈیا کے اندر مباحثہ ضروری ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں