پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام پر بجلی بن کر گرا: مریم نواز

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام پر بجلی بن کر گرا، ہر کسی کے پاس اے ٹی ایم اور کچن چلانے والے دوست نہیں ہوتے، حکومت اپنے خلاف خود لانگ مارچ کر رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول مہنگا ہونے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے، لوگ آج بھی 20 ہزار میں گزارہ کرتے ہیں، سب بنی گالا میں نہیں رہتے، غریب عوام پس رہے ہیں، عمران خان جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، نااہل اور نالائق حکومت نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا، حکومت نے عوام کو صرف تکلیف اور درد دیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج کے جلسے میں قوم کو بہت کچھ بتانا ہے، فیصل آباد میں فیصلہ کن جلسہ ہوگا، ہم عوام کا ایجنڈا لے کر چل رہے ہیں، حکومت کا 9 سال کا پلان ناکام ہوگیا، حکومت کا پتہ نہیں آج گئی یا کل گئی، حکومت کا 2021 مکمل کرنا مشکل ہو رہا ہے، روزانہ دوڑیں لگ رہی ہیں، امریکی ناظم الامور سے بہت سے معاملات پر بات چیت ہوئی، پارٹی کی سینئر قیادت بھی ملاقات میں شریک تھی۔

انہوں نے کہا کہ اموات ڈینگی نہیں، بے حسی اور نااہلی کے باعث ہو رہی ہیں، شہباز شریف ہوتے تو پنجاب میں مفت ادویات مل رہی ہوتیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں