پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دیرینہ مضبوط سیاسی اور معاشی تعلقات ہیں: پرویز الہی

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دیرینہ مضبوط سیاسی اور معاشی تعلقات ہیں۔

قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے تھائی لینڈ کے سفیر چکرید کرائی وانگ نے وفد کے ہمراہ گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،تھائی سفیر چکرید کرائی وانگ نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کیا۔

چوہدری پرویز الہی نے ملاقات میں کہا کہ رابطہ عوام کے فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، تجارت میں اضافہ سے ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔

چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے سپیشل اکنامکس زونز بنائے جا رہے ہیں، وفد میں منسٹر قونصلر محمد لطفی یوسنگ ، فرسٹ سیکرٹری یحییٰ وانگ کنیا اور آئیرات کوساکل شامل تھے۔

تھائی سفیر چکرید کرائی وانگ کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کی مہمان نوازی اور کلچر نے بہت متاثر کیا، تھائی کمپنیاں پاکستان میں زرعی اور فوڈ پراڈکٹس میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں، تھائی لینڈ کی حکومت ٹیکسلا میوزیم میں بدھا کی باقیات کو محفوظ کرنے کی منصوبے پر کام کر رہی ہے۔
 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں