پی ڈی ایم کا 20 اکتوبر سے ملک بھر میں ریلیاں اور مظاہروں کا اعلان

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مہنگائی کے پیش نظر ملک بھر میں ریلیوں اور مظاہرے شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے پہاڑکے نیچے قوم کراہ رہی ہے، پی ڈی ایم شانہ بشانہ عوام کے ساتھ کھڑی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ 20 اکتوبر سے پاکستان ریلیوں اور مظاہروں کا آغاز ہو جائے گا اور کسی قیمت پر بھی مہنگائی کے اس پہاڑ سے کراہنے والی قوم کے لیے اب یہ برداشت کرنا ناممکن ہو گیا ہے اور اس تحریک کی پی ڈی ایم مکمل قیادت کرے گی اور عوام کے شانہ بشانہ رہے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی احتجاج کا شیڈول بنانا ہے، ریلیوں کا آغاز ہو جائے گا، مظاہرے ہوں گے، پہیہ جام ہڑتالیں ہوں گی اور لانگ مارچ تک معاملات جائیں گے، جیسے جیسے مرحلہ وار صورتحال آگے بڑھتی جائے گی ، اس کے لحاظ سے ہماری سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے ساتھ ساتھ سربراہی اجلاس ہوتے رہیں گے

انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ حالات اس قدر سرگرم ہو جائیں کہ ہم جو مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ کاروان کے بغیر حاصل ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین آرٹی ایس کا دوسرا نام ہے، انتخابی اصلاحات کی مجوزہ ترمیم کومکمل مسترد کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ عام الیکشن کا ہے، بلدیاتی انتخابات کا کوئی جوازنہیں ہے۔ جوحکومت خود دھاندلی کے نیتجے میں آئی اسے ترمیم کا حق نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج کے اجلاس میں نئے ترمیمی آرڈیننس کومسترد کر دیا گیا ہے، نیب نے ہمیشہ مخالفین کے خلاف سیاسی انتقام کے طورپراستعمال ہوا، نیب سے انصاف کی کوئی توقع نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں