جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع کا مشن، گورنر پنجاب کا دورہ یورپ مکمل

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) جی ایس پی پلس اسٹیٹس میں توسیع کے معاملے پر گورنر پنجاب چودھری سرور بر سلز، ہنگری، اٹلی سمیت دیگر ممالک کا دورہ مکمل کر کے واپس وطن پہنچ گئے۔

گورنر پنجاب چودھری سرور نے دورہ یورپ کے دوران یورپی پارلیمنٹ کے 4 نائب صدور سمیت 30 سے زائد اراکین یورپی پارلیمنٹ سے ملاقات کی، وہ یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی کمیٹی سمیت دیگر اہم کمیٹیوں کے سر براہان سے بھی ملے۔ چودھری سرور اٹلی کے اراکین اسمبلی و سینیٹرز، ہنگری کے وزیر زراعت اور دفتر خارجہ کے نمائندوں سے بھی ملے۔

نائب صدور سمیت یورپی اراکین پارلیمنٹ نے جی ایس پلس سٹیٹس میں توسیع کے معاملے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر پنجاب نے ملاقاتوں میں خطے میں امن کیخلاف بھارت کی سازشوں بارے حقائق بھی سب کے سامنے رکھے۔ ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر، فلسطین، افغان امن عمل، پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ اور امن کیلئے پاکستانی کردار پر بات چیت بھی کی گئی۔

گورنر پنجاب چودھری سرور اپنے دورہ اٹلی میں کشمیر کانفرنس اور ایک شام کشمیر کے نام تقریب میں بھی شر یک ہوئے۔ چودھری سرور نے اپنے دورہ یورپ کے دوران اوورسیز پاکستان کے مسائل بھی سنے اور ان کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔

دورے سے واپسی پر گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس کی وجہ سے اب تک پاکستان کو 20 ارب ڈالرز سے زائد کا فائدہ ہوچکا ہے، بھارت کا اپنے جھوٹ کو یورپ میں سچ ثابت کرنے کا منصوبہ پہلے کی طرح اب بھی ناکام ہو رہا ہے، آج وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں امن کے لیے پاکستانی کردار کو پوری دنیا سراہا رہی ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو جتنی مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے دنیا میں اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں