این اے 133 ضمنی الیکشن، پی پی امیدوار محمد اسلم گل کو نو ٹس جاری

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں ہونے والے این اے 133 ضمنی انتخاب میں ڈی آر او، آر او اورڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے حلقے میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔ پیپلز پارٹی امیدوار چودھری اسلم گل کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نو ٹس جاری کر دیا گیا۔

لاہور کے حلقہ این اے 133میں ضمنی الیکشن 5دسمبر کو ہوگا جس میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمیشد اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ الیکشن سے پہلے باہر ہوچکے ہیں اور ان کے تجویز کنندہ کا ووٹ این اے 133میں رجسٹرڈ نہ ہونے پر کاغذات مسترد ہوچکے ہیں۔

حلقہ میں مسلم لیگ ن شائستہ پرویز ملک اور پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل سمیت14امیدواروں میں مقابلہ ہو گا، الیکشن سے قبل ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرسمیت دیگر افسران نے اچانک حلقہ این اے 133کا دورہ کیا اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پیپلزپارٹی کے اسلم گل کو نوٹس جاری کرکے28نومبر کو طلب کرلیا گیا۔

نوٹس میں کہا گیاکہ امیدوارپر ایسے اقدامات کا الزام ہے جن سے ووٹرکی آزادی حق رائے دہی متاثر ہو سکتی ہے۔ مانیٹرنگ ٹیموں کو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں، مانیٹرنگ ٹیموں کوحلقے میں جاری انتخابی مہم اور متعلقہ سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی تاکید کی گئی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں