پارلیمنٹ میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے بڑے معاملات میں حکومت کا ساتھ دیا: سراج الحق

پاکستان

پشاور: (دنیا نیوز) سراج الحق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے بڑے معاملات میں حکومت کا ساتھ دیا، پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک ہی طرز کی جماعتیں ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ قیادت کے ہوتے ہوئے مہنگائی کا خاتمہ نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی حکومت نے اعلان کیا ہے ہم ماضی کی حکومتوں کا گند صاف کر رہے ہیں، ن لیگ کی حکومت آئی تو انہوں نے کہا ہم پیپلزپارٹی کا گند صاف کر رہے ہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ چند ڈالروں کے عوض ہماری خود مختاری کو بیچا گیا ہے، اس ملک میں اسلامی نظام ہی ترقی کی ضمانت ہے، منی بجٹ تیار ہے اور وزیراعظم کے اشارے کا انتظار ہے، قوم میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی سکت نہیں ہے، وزیراعظم خود کہتے ہیں کہ چاروں طرف مافیاز موجود ہیں، تمام مافیاز کو پی ٹی آئی نے سپورٹ کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کرپٹ مافیا اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، ان مافیاز نے امن و امان کو بھی تباہ کیا ہے، ان حالات میں اسلامی نظام کے علاوہ کوئی حل نہیں، پی ڈی ایم نے بھی مستقل طور پر پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہے، ان کی باتیں صرف ہوائی فائرنگ ہے، 700 افراد نے آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی، آف شور میں پی ٹی آئی کے زیادہ افراد ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں