سموگ کی ستائی عوام کیلئے خوشخبری، 36 گھنٹوں کے دوران بارش اور برفباری کا امکان

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) سموگ کی ستائی عوام کے لیے خوشخبری ہے، لاہور سمیت مختلف علاقوں میں آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آئندہ چھتیس گھنٹوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، کم شدت کی مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتہ کی رات کو ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گا، طویل خشک موسم کے بعد ہفتہ سے اتوار کے دوران کشمیر ،گلگت بلتستان میں بارش متوقع ہے، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ویک اینڈ کے دوران پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی بھی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو کوئٹہ، زیارت، پشین، ژوب اور اس کے گردو نواح میں بھی بارش کا امکان ہے، اتوار کو کشمیر، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش متوقع ہے، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، ، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور لاہور میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اتوار کو سیاحتی مقامات وادی نیلم، باغ، راولاکوٹ، نتھیاگلی، گلیات، ناران کاغان، وادی ہنزہ، گلگت، سکردو، استور، چترال، دیر، سوات اور مالم جبہ میں بھی برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کے باعث پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ کی شدت میں کمی آئی ہے، پیر سے دھند کی شدت اور پھیلاؤمیں اضافے کی توقع ہے، رات کے درجہ حرارت میں بتدریج کمی کا امکان ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں