پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں جلسہ، عمران خان مردہ باد کے نعرے لگ گئے

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں عمران خان مردہ باد کے نعرے لگ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ ہوا، جلسے میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے بھی شرکت کی۔

اسلام آباد میں ہونے والے جلسے کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں حکومت مخالف نعرے لگ گئے، نعرے لگانے والے شہری کو پی ٹی آئی کارکنوں نے پکڑ لیا۔

جلسے کے دوران نعروں کی فوٹیج بنانے پر صحافیوں کو روکنے کی کوشش بھی کی گئی۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ 27 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف نعرے لگے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد جلسہ، پی ٹی آئی کارکن نے عمران خان کے استعفے کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے میں وفاقی وزیر اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجا خرم شہزاد نے خطاب کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کے اختتام پر پی ٹی آئی کارکن نے مائیک پر وزیراعظم عمران خان کے استعفے کا مطالبہ کردیا تھا۔

ان رہنماؤں کے خطاب کے بعد ایک شخص اسٹیج پر چڑھ آیا، مائیک سنبھالا اور پیش گوئی کردی کہ سب کچھ ویسا ہی ہوگا جیسا راجا خرم شہزاد نے کہا، پر وزیراعظم عمران خان نہیں ہوں گے۔

اس شخص نے مزید کہا کہ عمران خان آج استعفیٰ دے دیں تو بہتر ہے، نو عمران اونلی عوام۔

اس موقع پر شرکا نے حیرت کا اظہار بھی کیا اور اسٹیج پر موجود منتظمین نے مائیک ہٹا کر اسے مزید بات کرنے سے روک دیا تھا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں