نوجوان ایسا پاکستان بنائیں گے جس پر ساری دنیا رشک کرے گی: اسد عمر

پاکستان

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاہےکہ حکومت رواں سال طلباء و طالبات کو 47 ارب روپے کے سکالر شپس دے گی۔ نوجوان ایک ایسا پاکستان بنائیں گے جس پر ساری دنیا رشک کرے گی ۔

انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن گرلز کے راولپنڈی آرٹس کونسل میں منعقدہ کنونشن میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر، سیف اللہ نیازی، عامر محمود کیانی نے بھی شرکت کی۔

کنونشن سے رکن قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عامر محمود کیانی، پارٹی کے چیف آرگنائزر و سینیٹر سیف اللہ نیازی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک لاکھ سکالر شپ کا پہلا حصہ مکمل جبکہ دوسرا حصہ جاری ہے، پروگرام میں ہر قسم کی تربیت کے پروگرام رکھے گئے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک سو ارب روپے قرض جوانوں میں تقسیم ہوں گے، جسمین سے 31 ارب روپے بچیوں نے حاصل کئےاور اپنا کاروبار چلا رہی ہیں۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ خواتین کے مسائل کا حل اور وراثت میں حصہ دینا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے، احساس پروگرام کے تحت نئے پروگرامز میں پچاس فیصد سے زائد حصہ خواتین کا ہوگا، سٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگز میں مرد کہتے ہیں کہ خواتین کا پچاس فیصد حصہ کم کرکے تیس فیصد کیا جائے لیکن وزیراعظم نے اسے پچاس فیصد ہی رکھا۔ گزشتہ سال 90 ہزار طلباء کو وظائف دیئے گئے جبکہ فیصلہ ہوا کہ ضرورت اور میرٹ مدنظر رکھا جائے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں