گزشتہ سال معیشت نے 5.37 فیصد کی شرح سے ترقی کی: حماد اظہر

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز):وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت نے پچھلے سال 5.37 فی صد کی شرح سے ترقی کی ،یہ کامیابی تحریک انصاف حکومت نے اپنے تیسرے سال حاصل کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترجمان وزارتِ خزانہ مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ‏معاشی استحکام کیلئے حکومت نے مشکل فیصلے کئے،زر مبادلہ کے ذخائر،ترسیلات زر اور برآمدات میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا،جب معیشت 5.37 فیصد سے ترقی کرے گی تو ہزاروں نوکریاں پیدا ہوں گی،معاشی استحکام کے حصول کیلئے حکومت کو غیر مقبول فیصلے کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ‏آج ملکی معیشت کے حوالے سے اچھی خبرآئی ہے،گردشی قرضے میں سالانہ130 ارب روپے کمی ہو رہی ہے۔ ‏حکومت کو ملکی تاریخ کا ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ‏صنعت میں 8۔7 اور خدمات کے شعبے میں 5فیصد اضافہ ہوا، ‏کورونا کے باوجود معاشی استحکام کا ہدف حاصل کیا۔ ‏(ن) لیگ کسی کو اپنے اقتدار کے آخری سال کے قرضوں کا نہیں بتاتی، ‏ہمیں ایک دیوالیہ معیشت ملی تھی۔ ‏عالمی سطح پر مہنگائی کا سیلاب آیا ہے، مہنگائی کا اثر پاکستان پر بھی پڑا،

حماد اظہر نے کہا کہ ‏سابق حکومت سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی بیماری ملی،‏مڈل کلاس طبقے کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں، ‏تنخواہ دارطبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ موجودہ حکومت کو ملکی تاریخ کا ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملا،کورونا وباکے باوجود حکومت نے معاشی استحکام کا ہدف حاصل کیا۔

حماد اظہر نے کہا کہ فیٹف گرے لسٹ اور دیگر معاشی مسائل ہمیں ماضی کی حکومت سے ملے،حکومت تنخواہ دارطبقے کو سہولیات فراہم کرے گی، گردشی قرضے میں مسلسل کمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں،پچھلے سال کے مقابلے میں ٹیکس محصولات میں 35 فیصد اضافہ ریکارڈکیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ‏لاہور دھماکے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ‏قانون نافذ کرنے والے ادارے دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ کسی شر پسند کو ملک میں امن وامان خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ گیس بحران سے متعلق وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور میرے درمیان کوئی مکالمہ نہیں ہوا تھا، جو خبریں چلیں وہ فیک نیوز تھی، خیبرپختونخوا نہیں پورے پاکستان میں گیس کے نئے کنکشنزپرپابندی ہے، پیپلزپارٹی دورمیں بھی گیس کے نئے کنکشن پرپابندی تھی، مسلم لیگ(ن)کے دورمیں صرف سیاسی بنیادوں پرگیس کے کنکشن دیئے گئے تھے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں