نیب نے گزشتہ 4 سال میں 539 ارب وصول کئے، کارکردگی رپورٹ جاری

پاکستان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب کے قومی ادارے نیب نے کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ 4 سال کے دوران 539 ارب روپے وصول کئے گئے۔

چیئرمین نیب کی سربراہی میں نیب کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی، ترجمان کے مطابق نیب معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لیے کثیر الجہت حکمت عملی کے ذریعے کوشاں ہیں، نیب کی کاوشوں کے قابل ذکر نتائج برآمد ہونے لگے ہیں، نیب کا قیام بدعنوانی کے خاتمے اور کرپٹ عناصر سے لوٹی گئی دولت برآمد کرنے کے لیے عمل میں لایا گیا۔ جسٹس جاوید اقبال نے بطور چیئرمین نیب اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد حکمت عملی وضع کی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان، ورلڈ اکنامک فورم نے نیب کی کوششوں کو سراہا ہے، گیلپ سروے میں 59 فیصد لوگوں نے نیب پر اپنا اعتماد ظاہر کیا۔ نیب نے گزشتہ 4 سال میں 539 ارب وصول کیے , آغاز سے اب تک5 لاکھ 10 ہزار729 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 4 لاکھ 98 ہزار 256 شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے۔ نیب نے 16 ہزار 307 شکایات کی تحقیقات کی منظوری دی جن میں سے 15 ہزار 475 شکایت کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ نیب نے10 ہزار 365 انکوائریوں کی منظوری دی جن میں سے 9 ہزار 299 انکوائریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ قومی احتساب بیورو نے 4707 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی جن میں سے 4377 انوسٹی گیشنز مکمل ہو چکی ہیں۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 822 ارب روپے بر آمد کئےجبکہ 3 ہزار 772ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کیے جن میں سے 2 ہزار 508 ریفرنسز کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا گیا۔ اس وقت ایک ہزار 264 ریفرنس جن کی مالیت ایک ہزاور 335 ارب ہے مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں