این سی او سی کا تعلیمی شعبے کیلئے پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشٓنز سنٹر (این سی او سی ) نے تعلیمی شعبے کیلئے پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق 10 فیصد شرح سے کم والے شہروں میں سکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا، 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں 12 سال سے زائد عمر طلبہ کے سکول کھلے رہیں گے، 12 سال سے زائد عمر کے مکمل ویکسینیٹڈ طلبہ کو سکول آنے کی اجازت ہو گی۔

ذرائع کے مطابق 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں طلبہ مختلف ایام میں سکول آئیں گے، 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کی نصف تعداد سکول آ سکے گی۔ 12 سال سے کم عمر طلبہ 3 دن 50 فیصد، باقی 3 دن 50 فیصد طلبہ سکول آ سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق 10 فیصد شرح سے زائد شہروں میں 12 سال سے زائد سو فیصد طلبہ سکول آئیں گے، تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔

ملک میں کورونا کا پھیلاؤ سنگین: مثبت کیسز کی شرح 11.91 فیصد تک جاپہنچی

ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح گیارہ اعشاریہ نو ایک فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 25 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 162 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 93 ہزار 887 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 539 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 69 ہزار 540، سندھ میں 5 لاکھ 33 ہزار 496، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 87 ہزار 983، بلوچستان میں 34 ہزار 131، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 557، اسلام آباد میں ایک لاکھ 22 ہزار 98 جبکہ آزاد کشمیر میں 36 ہزار 82 کیسز رپورٹ ہوئے۔


ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 47 لاکھ 54 ہزار 277 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 63 ہزار 272 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 72 ہزار 871 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 240 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 25 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 162 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 126، سندھ میں 7 ہزار 765، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 986، اسلام آباد میں 979، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 187 اور آزاد کشمیر میں 752 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں