چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ڈپٹی کمشنرز کو ضمنی اور عام انتخابات کے لیے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت

پشاور: (دنیا نیوز) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امداد اللہ بوسال نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں ضمنی اور عام انتخابات کے لیے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

نئے تعینات چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا امداد اللہ بوسال کے زیرصدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں امن و امان کے قیام اور ضمنی و عام انتخابات کے لئے تیاری زیر غور لائی گئی، انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبے میں آٹے اور فرٹیلائزر کی حکومتی نرخوں پر دستیابی کو یقینی بنایا جائے، امن و امان کے لئے انٹیلی جنس کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جائیں۔

امداد اللہ بوسال نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے فرائض ایمانداری اور غیر جانبداری کے ساتھ سر انجام دیں، الیکشن کمیشن کی طرف سے نگران حکومت کے لئے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ماہ رمضان سے قبل اپنی تیاریاں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں