الیکشن ایکٹ میں ترامیم کر کے آئین کو پامال کیا گیا: بیرسٹر سیف

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم کر کے آئین کو پامال کیا گیا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران ذاتی مفاد کیلئے لاکھوں لوگوں کے حقوق پر قابض ہیں، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے آئین کی روح اور متن کی توہین اور بے عزتی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ قانون سازی کا ایک طریقہ کار ہے جو عوام کی امنگوں کے مطابق ہوتا ہے، الیکشن کو چوری کیا گیا ہے، الیکشن ایکٹ کو اسمبلی اور سینیٹ سے پاس کیا گیا ہے، یہ عام قانون نہیں بلکہ وہ قانون ہے جس کا اثر پاکستان کے ہر انتخاب پر پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ کیا گیا اس سے لاکھوں لوگوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا گیا ہے، یہ ایک کالا قانون ہے، مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو نہ دینے کیلئے الیکشن ایکٹ پاس کیا گیا ہے، یہ لوگ پاکستان اور عوام سے مخلص نہیں ہیں، پاکستان کے عوام اور لوٹی ہوئی رقم کیلئے تو انہوں نے کبھی ایسی قانون سازی نہیں کی۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے ارشد ندیم کی کامیابی پر قوم کو مبارک باد بھی پیش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے دنیا بھر میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، پاکستان میں لاکھوں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ہی نہیں مل رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں