ایران کو شاہین تھری میزائل دینے کی رپورٹس غلط ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان کی جانب سے ایران کو شاہین تھری میزائل دینے سے متعلق رپورٹس مسترد کر دی گئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس میں شرکت کر کے اسرائیل کے غزہ میں جرائم کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو شاہین تھری میزائل دینے کی رپورٹس غلط ہیں، پاکستان نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کی اور غزہ سے محاصرہ اٹھانے کا مطالبہ کیا، رواں ہفتے کے آغاز میں پاکستان نے کشمیریوں کے لیے یوم استحصال منایا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندی میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات مسترد کرتا ہے۔
امریکا میں گرفتار پاکستانی شہری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ امریکی انتظامیہ سے آصف مرچنٹ کے حوالے سے رابطہ کیا ہے، ہم اس کیس کی امریکی انتظامیہ سے تفصیلات کے منتظر ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی اور سکیورٹی امور پر متعدد چینلز موجود ہیں، امریکی کانگریس میں بل میں پاکستان کی جانب غیر ضروری اشاروں کا نوٹس لیا ہے تاہم دوست ممالک کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
بنگلا دیش کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ عوام بنگلا دیشی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بنگلا دیش کے واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے کی تمام رپورٹس کو مسترد کرتے ہیں، ایسی رپورٹس بھارت کے پاکستان کے بارے میں ذہنی جنون کی عکاسی کرتی ہیں۔