جو انصاف، غریب کو روٹی نہیں دے سکتے انہیں حکومت کرنے کا حق نہیں: محمود اچکزئی

لاہور: (دنیا نیوز) سربراہ تحریک تحفظ آئین محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جو حکومت انصاف اور غریب عوام کو روٹی نہیں دے سکتی اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔

محمود خان اچکزئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کا کوئی رکن صدارتی الیکشن کے لئے نہیں بکا، تحفظ آئین پاکستان کی تحریک کسی کی حکومت گرانے کیلئے نہیں بنائی گئی، اس تحریک کو بنانے کا واحد مقصد یہ ہے کہ قوم کو متحد کیا جائے کیونکہ ملک ڈوب رہا ہے۔

سربراہ تحریک تحفظ آئین نے کہا کہ پاکستان معدنیات سے بھرا ملک ہے اس کے باوجود یہ سمجھ نہیں آرہا کہ ملک معاشی اعتبار سے کیوں ڈوب رہا ہے؟ کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے ہیں، خط غربت سے نیچے لوگوں کے جانے کی وجہ بے رحم نظام ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو اجتماعی کوششوں سے ان بحرانوں سے نکال سکتے ہیں، 75 سالوں سے چودہ اگست منا رہے ہیں، اگر سڑکیں اور نالیاں بنانا ترقی ہے تو یہ کام تو برطانوی سامراج کے دوران بہت ہوا ہے، آزادی صرف حق حکمرانی کیلئے لی گئی تھی۔

محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ پاکستان خالی جھنڈے لہرانے اور نعرے لگانے سے آزاد نہیں ہوگا، نظام کی بے انصافی اس نظام کے جڑ کی ماں ہے، اتنی بے انصافی کے ساتھ یہ نظام مزید نہیں چل سکتا، پاکستان میں صرف نو مئی بڑا حادثہ نہیں ہے، ملک بننے کے 25 سال بعد ملک ٹوٹ گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک توڑنے کی ذمہ داری کسی پر عائد نہیں کی گئی، ایک وزیراعظم کو پھانسی دی گئی، بے نظیر بھٹو کو دن دیہاڑے قتل کیا گیا، بارہ مئی کو کراچی میں اس وقت کے چیف جسٹس کے آنے پر دن دیہاڑے گولیاں ماری گئیں، اگر تحقیقات کرنی ہے تو سب کی کریں۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اگر تحقیقات نہیں کرنی تو پھر اس نظام میں موجود سب لوگوں کو توبہ کرنی چاہئے جو حکومت انصاف اور غریب آدمی کو روٹی نہیں دے سکتی، اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں، ساری دنیا کو پتہ ہے موجودہ حکومت دو نمبر طریقے سے آئی ہے۔

سربراہ تحریک تحفظ آئین نے کہا کہ اگر ہم اداروں سے محاذ آرائی کیلئے چل پڑے تو پاکستان اس کا متحمل نہیں ہو گا، سپیکر قومی اسمبلی ایوان میں اپوزیشن کو بولنے کی اجازت دینے کو تیار نہیں، بانی تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت کا سربراہ ہو کر جیل میں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بڑا سیاسی ظرف تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف بانی تحریک انصاف کی رہائی کا بندوست کرتے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں